ملک کیخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت، ایسی حرکتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، عطاء تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے، ایسی حرکت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار اب واضح طور پر سامنے آ رہا ہے جبکہ عالمی برادری پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کر رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا، جبکہ ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے پریشان ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں مؤثر اور بھرپور آواز کے طور پر سامنے آیا اور جنیوا اجلاس میں غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی سیاسی لیڈر ملک سے بڑا نہیں، تنقید سب کا حق ہے، لیکن ملک کا وقار داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا، قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی سیاسی جماعت یا شخصیت ملک سے مقدم نہیں ہو سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مملکت پاکستان کے مرہون منت ہیں، اور سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح نے پاکستان کا مقام بڑھایا ہے، موجودہ صورتحال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا قابل قبول نہیں اور شخصیت یا انا پرستی ملک کے لیے نقصان دہ ہے، انہوں نے ملک کیخلاف بات کرنے والوں کو شرم آنے کی تلقین بھی کی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ پر پاکستان آنے کا کہا گیا تاہم وہ نائیکوپ کے بجائے دیگر ذرائع پر لگے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک ذمہ دار ملک سمجھا جاتا ہے اور پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر لا کھڑا کیا، یہاں تک کہ دعائیں کی گئیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، لیکن شہباز شریف حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی پوری دنیا نے تعریف کی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اگر پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا تو سب کا نقصان ہوتا، 2024 میں پی ٹی آئی نے پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کی کال دی جس سے ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بعض عناصر بیرون ملک پاکستان کے خلاف مہم چلاتے رہے، انہوں نے عارف اجاکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں بھارت کے حق میں کمپین چلاتے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں، جبکہ زلفی بخاری اینڈ کمپنی پر بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اسرائیل کی مذمت نظر نہیں آئی، یہ لوگ پاکستان کے خلاف جتنی سازش کریں گے پاکستان اتنا ہی اوپر جائے گا، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں پچاس لاکھ گھروں کا نعرہ لگایا لیکن چار سال میں ملک کو شدید نقصان پہنچایا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو لیٹر لکھنا اور پاکستان کے ڈیفالٹ کی دعائیں کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ رہا ہے، ایسی سازشوں کی نہ کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی اس طرح کی کوئی گنجائش چھوڑیں گے، پاکستان ان تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اوچھے ہتھکنڈے اور بھونڈی حرکتیں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، ان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button