نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے محسن نقوی کا استقبال کیا، انہوں نے زیر تعمیر نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سنٹر کا معائنہ کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ منشیات کے جرائم میں سزا کی شرح 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے، منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث 22 ملکی اور 9 غیر ملکی ڈرک ٹریفکنگ آرگنائزیشنز کو توڑا گیا، پوپی کی فصل کی کاشت کو تلف کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ہر سطح پر بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود انسداد منشیات کے ضمن میں موثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا، اجلاس میں اے این ایف کے حال ہی میں شہید ہونے والے 6 شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔
اجلاس میں ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اے این ایف فاؤنڈیشن کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔



