انسداد دہشتگردی عدالت کا پی ٹی آئی رہنماؤں کو 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر، سنگجانی جلسہ اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی، رؤف حسن اور اعظم سواتی سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 230 سے زائد ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 21 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا، عدالت کی جانب سے مذکورہ کیسز میں فریقین کو اگلی سماعت پر حتمی دلائل دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔
واضح رہے کہ ان رہنماؤں کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، آبپارہ، سیکرٹریٹ اور دیگر تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔



