عیدالفطر پر خطہ آگ کی لپیٹ میں، کفایت شعاری پر سختی سے عمل کرنا ہو گا، وزیر پٹرولیم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عیدالفطرکےموقع پر پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں، کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔
وفاقی دارالحکومت میں عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پورے خطے میں کشیدہ صورتِ حال اور ہمیں مشکلات کا سامناہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے معاشی مشکلات ہیں، خطے میں جاری تنازعات کی وجہ سے عید کی خوشیاں مدھم ہیں، عیدالفطر کے موقع پر پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں ہے، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے مشکل صورتِ حال میں دانشمندانہ فیصلے کیے، کابینہ ارکان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی، حکومت کفایت شعاری کےاقدامات پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئیں، اُنہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیراعظم نے قبل ازوقت کمیٹی بنا کر بہترین حکمت عملی بنائی، عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے پاکستان میں پٹرولیم کی قیمتیں بڑھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت بھی انتظامی معاملات پر پٹرولیم میں بچت کر رہی ہے، پاکستان کے پاس تیل کے ذخائر موجود ہیں، احتیاط سے استعمال کرنا ہوں گے، خطے میں جنگ پھیلتی جا رہی ہے، ہمیں کفایت شعاری سے چلنا ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہوسکتا ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں، وزیراعظم شہبازشریف پٹرولیم کی بڑھتی قیمتوں پر فکر مند ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قبل از وقت کمیٹی بناکر بہترین حکمت عملی بنائی، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، موجودہ صورتحال میں غیرضروری سفر سے گریز کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دوراندیشی کےساتھ بروقت فیصلے کیے، وزیراعظم نے فیصلہ کیاعوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالاجائے گا، پوری قوم کو پٹرولیم مصنوعات کی بچت پالیسی کو اپنانا ہوگا۔
عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ حکومت اٹھائے گی۔



