پاکستان پر بری نظر رکھنے والوں کو ویسا ہی جواب ملے گا جیسا بھارت کو ماضی میں دیا جا چکا ہے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی  کے) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے باوجود قوم متحد ہو کر ان کا مقابلہ کر رہی ہے، اور اللہ سے دعا ہے کہ ملک کو ہر محاذ پر کامیابی نصیب ہو۔

 حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک افواج جس جرات کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں، پوری قوم ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان پر بری نظر رکھنے والوں کو ویسا ہی جواب ملے گا جیسا بھارت کو ماضی میں دیا جا چکا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور اس کا کریڈٹ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو جاتا ہے، جبکہ بینظیر بھٹو کی جانب سے دی گئی میزائل ٹیکنالوجی نے ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط ممالک کی صف میں کھڑا کیا۔

انہوں نے سندھ میں صحت کی سہولیات کو ملک میں بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھر سے نکلنے والا کوئلہ پورے پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، جس میں معاشی صورتحال اور کفایت شعاری اقدامات پر غور کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اخراجات کم کرنے کے لیے 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں جبکہ تین ماہ کی تنخواہیں بھی نہیں لی جا رہیں۔

 شرجیل میمن نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور قلت تشویشناک ہے، اور اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اس وقت افغانستان کے ساتھ کشیدہ صورتحال کا سامنا کر رہا ہے۔

 آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال لاک ڈاؤن کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، تاہم اسمارٹ ورکنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ حالات کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button