لاہور:پنجاب میں اے آئی پر مبنی گورننس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب میں اے آئی پر مبنی گورننس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد اے آئی پر مبنی گورننس نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
لاہورمیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے حکومتی، سرکاری اور دفتری نظام کو جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر منتقل کرنے کا انقلابی فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد اے آئی پر مبنی گورننس نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس کو “اے آئی آفس آف سی ایم” میں تبدیل کیا جائے گا، جو مکمل طور پر ٹیکنالوجی اور اے آئی سے چلنے والا پاکستان کا پہلا دفتر ہوگا۔
اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی، جبکہ وزیراعلیٰ کے اے آئی امور کے مشیر علی ڈار نے جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں “اے آئی وژن 2029” اور “آفس آف اے آئی پنجاب” منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک جدید “اے آئی ڈیلیوری یونٹ” قائم کیا جائے گا اور تمام سرکاری محکموں کو ایک سنٹرل اے آئی یونٹ سے منسلک کرکے مکمل اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے گا۔
علی ڈار کے مطابق ڈیٹا اینالیٹکس، اسمارٹ مانیٹرنگ اور فوری عوامی خدمت پر مبنی گورننس کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا، جبکہ اے آئی پر مبنی ڈیش بورڈز اور مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیے جائیں گے۔



