کراچی،سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی،ریلوے ٹریک دھماکوں میں ملوث5دہشتگرد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک دھماکوں میں ملوث5دہشتگرد گرفتارکرلئے۔کراچی میں سی ٹی ڈی، سویلین اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دھماکے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ کے 5 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، آئی ای ڈی اور اسلحہ ایمونیشن برآمد ہوا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان میں کمانڈر جھنور، علی جان، نور محمد، جامک اور نیاز شامل ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، وفاقی حساس اداروں اور ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ سے وابستہ ہیں اور دوران تفتیش انہوں نے متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا، جن میں 18 جون 2025 کو جیکب آباد، 28 جولائی، 7 اکتوبر (جعفر ایکسپریس)، 16 دسمبر 2025 اور 26 جنوری 2026 کو ضلع شکارپور کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریک پر دھماکے شامل ہیں۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے لہڑی سے ٹریننگ حاصل کی، جہاں انہیں اسلحہ چلانے اور آئی ای ڈی نصب کرنے کی تربیت دی گئی، جبکہ بارودی مواد بھی وہیں سے فراہم کیا جاتا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button