عید قریب، لاہور سے پردیسیوں کی واپسی میں تیزی، بس اڈوں پر شدید رش

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) عید قریب آتے ہی پردیسیوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی شہروں کو روانہ ہونے لگی، جس کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور بس ٹرمینلز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مختلف بس اڈوں پر طویل قطاریں لگ چکی ہیں، سٹی بس ٹرمینل بند روڈ پر ٹکٹ کاؤنٹرز کے باہر گھنٹوں انتظار معمول بن گیا ہے، جہاں مسافر لائنوں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کی کمی کا جواز بنا کر کرایوں میں من مانی اضافہ شروع کر دیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر بلیک میں ٹکٹ فروخت ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
بسیں مسافروں سے مکمل بھر جانے کے باعث اضافی افراد کو طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور کئی لوگ گھنٹوں بسوں کے منتظر رہتے ہیں، بروقت ٹکٹ نہ ملنے پر شہریوں کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
مسافروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ رش پر قابو پایا جا سکے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



