محکمہ داخلہ پنجاب کی عیدالفطر پر سکیورٹی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر پر سکیورٹی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ نمازِ عید کے دوران 3 ٹئیرز پرمبنی فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، تمام عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے، اضافی سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے،عبادت گاہوں کیلئے ایک مرکزی داخلی دروازہ رکھا جائے۔
مراسلے میں بتایا گیا کہ اہم مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کی جائیں جہاں سکیورٹی اہلکار حفاظتی کٹ میں ہوں، خواتین نمازیوں کیلئے عبادت گاہوں پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی، سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکوارڈ کے ذریعے ضروری آپریشن مکمل کئے جائیں، واک تھروگیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں اور عبادت گاہوں میں بذریعہ میٹل ڈٹیکٹر جسمانی تلاشی لی جائے، مناسب پارکنگ ایریاز پنڈال سے محفوظ فاصلے پر مختص کئے جائیں۔
جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر کومبنگ آپریشنز مکمل کیے جائیں، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، عید بازاروں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ رہنماؤں سے رابطے میں رہیں، قابلِ اعتراض تقاریر اور لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے۔
مراسلے میں بتایا گیا کہ عبادت گاہوں کے اردگرد بھکاریوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے، عبادت گاہوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کیلئے موثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے، پنجاب بھر میں آتشیں اسلحے کی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے۔
تمام شہروں اور بین الصوبائی داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی چیک پوسٹس قائم کی جائیں، دوران عید تفریحی مقامات کی حفاظت کا بھی خیال رکھا جائے، ممتاز مذہبی وسیاسی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق ادارے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اورمحکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بروقت انفارمیشن شیئر کی جائے۔
محکمہ داخلہ نے کہا کہ تمام اضلاع ضرورت کے مطابق سکیورٹی پلان تشکیل دے کر محکمہ داخلہ سے شئیر کریں، تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کر کے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے لنک کئےجائیں، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او لاہور، آرپی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی پلان پرعملدرآمد یقینی بنائیں۔



