مشرق وسطیٰ کشیدگی سے پاکستانی معیشت اور اوورسیز پاکستانیوں کے متاثر ہونے کا خطرہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)مشرق وسطیٰ  میں کشیدگی سے پاکستانی معیشت اور اوورسیز پاکستانیوں کے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیاہے، پاکستان کی ترسیلات زر میں سالانہ 3 سے 4ارب ڈالر کمی کا خدشہ ہے۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس نے خبردارکیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے بیرون ملک روزگار اور ترسیلات زر کم ہونے کا امکان ہے۔ تقریباً 60 لاکھ پاکستانی مشرق وسطیٰ میں کام کر رہے ہیں۔ سالانہ 7 سے 8لاکھ پاکستانی روزگار کیلئے خلیجی ممالک جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ جاری رہی تو 2026 میں 5 لاکھ پاکستانی بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ جبکہ مزید 5لاکھ پاکستانیوں کی واپسی کا بھی خدشہ ہے۔ اس  سے پاکستان کے روزگار کے بازار پر دباؤ بڑھے گا۔ پائیڈ کے مطابق ترسیلات زر پاکستان کی معیشت کا تقریباً دس فیصد ہیں۔ خلیجی ممالک پر زیادہ انحصار کو معیشت کیلئے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں حکومت کو بیرون ملک پاکستانیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کی تجویز دی گئی ہے۔ سفارش کی گئی ہے کہ واپس آنے والے مزدوروں کیلئے روزگار اور کاروبار پروگرام شروع کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button