ایران کے اسرائیل پر پہلی مرتبہ’’سجیل میزائل‘‘کے حملے،صہیونی ریاست میں تباہی مچ گئی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کی مسلح افواج نے اسرائیلی اور امریکی اہداف کے خلاف معرکہ وعدہ صادق 4 کی 54ویں لہر کا آغاز جدید میزائلوں کے ساتھ کردیا ہے اور اس جنگ میں پہلی مرتبہ طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے سجیل میزائل کے حملے کردیے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اتوار کو اعلان کیا کہ یہ جوابی کارروائی “یا زہرا” کے آپریشن کوڈ کے تحت انجام دی گئی ہے، جس میں متعدد میزائل استعمال کیے گئے جن میں دوہری وارہیڈ والے سپر ہیوی خرم شہر میزائل، خیبر، قدر اور عماد بھی شامل ہیں۔ایرانی میزائل سجیل ٹھوس ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے اور امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی جارحانہ جنگ کے بعد اسے پہلی بار استعمال کیا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا کہ اس میزائل کے ذریعے اسرائیلی حکومت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز اور اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں جوابی حملوں کی نئی لہر کے دوران سجیل میزائل داغے جانے کی بھی تصدیق کی۔ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب، ہرزلیہ اور مقبوضہ علاقوں کے کم از کم 141 دیگر مقامات پر سائرن بج اٹھے، جن کے ذریعے آبادکاروں کو آنے والے میزائلوں سے خبردار کیا گیا۔



