حج پروازوں کے ملتوی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبروں کو مسترد کردیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج پروازوں کی تاخیر کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام ان خبروں پر یقین نہ کریں، اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل جاری ہے، وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں، حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث حج پروازوں کے التوا سے متعلق بعض خبریں بے بنیاد ہیں۔ حج 2026 کے تمام انتظامات بشمول ویزوں کا اجرا معمول کے مطابق جاری ہیں۔ حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا: ترجمان وزارتِ مذہبی امور#Hajj2026 #Hajj #Pakistan
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) March 15, 2026



