اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں نہیں بلکہ انسانی اقدار پر حملہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک کے خاتمے کیلئے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں کے وقار اور حقوق پر نہیں بلکہ انسانی اقدار پر حملہ ہے، اسلاموفوبیا رواداری، بقائے باہمی اور مختلف اقوام و مذاہب کے درمیان باہمی احترام جیسے عالمی اقدار کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا مقابلہ کرنے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدام کرنا ہوں گے، عالمی برادری کو مذاہب و ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی تعلیمات امن، رحم دلی اور انصاف پر مبنی ہیں اور انہیں نفرت یا تعصب کے ذریعے مسخ نہیں کیا جا سکتا، دنیا ایسے معاشروں کے قیام کیلئے مل کر کام کریں جو احترام، ہم آہنگی اور مساوات کی بنیاد پر قائم ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسے معاشروں کی تشکیل کیلئے کام کرنا ہوگا جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے وقار اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔



