بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات میں ضمنی انتخاب، میر ضیاء اللہ لانگو کامیاب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات میں ضمنی انتخاب کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار میر ضیاء اللہ لانگو کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے قلات میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس انتخاب میں بدترین دھاندلی کی گئی۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے 14ہزار 281ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار میر سعید لانگو 11ہزار 64 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ قلات کے ضمنی انتخاب میں جمہوریت ہار گئی اور دھاندلی جیت گئی۔ ان کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اس انتخاب میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے اور دن دیہاڑے انتخابی ڈاکہ ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی روح کو زخمی کرنے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا۔



