ازبکستان کا پنجاب میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ مفاد کے مشترکہ منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ازبکستان نے پنجاب میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ مفاد کے مشترکہ منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ازبکستان کے تاشقند ریجن کے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف کی قیادت میں اٹھارہ رکنی وفد تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا اور وزیراعلیٰ کی طرف سے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ازبکستان کے وفد نے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) کا دورہ بھی کیا۔ وفد میں تاشقند ریجن کے نجی شعبے کے سرمایہ کار بھی شامل ہیں جنہوں نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تاشقند اور پنجاب کے درمیان باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ پنجاب میں صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔ ازبک وفد نے نجی شعبے کے ذریعے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات خطے اور دونوں ممالک کے عوام کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسی متعارف کرائی ہے۔

ملاقات میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر خاکیمووچ تختایف بھی موجود تھے۔ وفد میں سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کے نائب گورنر نجم الدین خودجا شریپوف، گورنر کے مشیر برائے مقامی صنعت دلشاد رسولوف، پنجاب میں ازبکستان کے اعزازی قونصل نجیب مشتاق وہرا اور ازبکستان کے سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

مزید خبریں

Back to top button