خطے میں کشیدگی نہیں پھیلانا چاہتے ،ایرانی صدر کی وزیر اعظم شہبازشریف کو یقین دہانی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)خطے میں کشیدگی نہیں پھیلانا چاہتے ،ایرانی صدر کی وزیر اعظم شہبازشریف کو یقین دہانی
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کی ہے۔دوران گفتگو مسعود پزشکیان نے کہا کہ عالمی برادری جنگ کے ذمہ داروں پر توجہ نہیں دیتی تو عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات ہو سکتے ہیں۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران خطے میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کو ناگزیر سمجھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہووزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر ایران کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔



