فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فائیو جی اسپیکٹرم کی آکشن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا اور اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا۔
فائیو جی اسپیکٹرم کے آکشن کے نتائج کا اعلان چیئرمین پی ٹی اے جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ آج آکشن کا پہلا اسٹیج تھا جو کہ بینڈ ایلوکیشن کا تھا، 700 میگاہرٹز میں ہمارے پاس تین لاٹ تھے جن میں سے دو بک گئے ہیں، 2300 میگا ہرٹز میں پانچ لاٹ تھے جو سارے بک گئے، 2600 میگا ہرٹز میں 19 لاٹ تھے جو تمام بک گئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ 3500 میگاہرٹز میں 28 لاٹ تھے جن میں سے 22 لاٹ بک گئے یعنی 220 میگا ہرٹزبک گئے۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق ایک کمپنی نے 190میگا ہرٹز، دوسری کمپنی نے 180 میگا ہرٹز خریدا، تیسری کمپنی نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے فرسٹ اسٹیج پر 507 ملین ڈالر پر پرائس لاک ہوئی، فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 144.5 ارب روپے میں مکمل ہوئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام ہوچکا ہے۔
وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی دن ہے کہ 600 میگا ہرٹز کا اسپیکٹرم آکشن ہوا جب کہ پاکستان میں اس سے قبل 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم موجود ہے ۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ اسی کی وجہ سے انٹرنیٹ کی اسپیڈ سلو ہے اور پاکستان خطے میں سب سے کم اسپیکٹرم پر کام کر رہا تھا۔
وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ فیلڈ مارشل بھی ہمیں ہر مرحلہ عبور کرنے میں مکمل مدد دیتے ہیں۔



