سندھ کابینہ کا گندم ریلیز پالیسی میں توسیع کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کابینہ نے مارکیٹ میں استحکام کیلئے گندم ریلیز پالیسی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں اسکولوں کی بندش اور سرکاری دفاتر کی تعطیلات کے متعلق بھی فیصلے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں مارکیٹ میں گندم کے ممکنہ بحران کو کنٹرول کرنے کیلئے آٹا اور گندم مل مالکان اور چکیوں کے علاوہ تاجروں کو بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 100کلو گرام کی بوری 8000روپے میں تاجروں کو فراہم کی جائے گی تاکہ صوبے میں گندم کا بحران پیدا نہ ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اسکولوں کیلئے ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ اراکین کو اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کے تحت موبائل ایپ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ سے طلبہ کی حاضری اور داخلوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا، جس کا مقصد طلبہ و طالبات کی بر وقت حاضری اور داخلوں کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔



