پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 11 ہزار پوائنٹس سے زائد بڑھ گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ جلد ختم ہونے کے اشارے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تاریخی گراوٹ کے بعد آج خریداری کا رجحان واپس لوٹ آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 300 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 56 ہزار 200 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، تاہم انڈیکس کے ایک لاکھ 55 ہزار 783 پوائنٹس کی حد پر پہنچنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ روک دی گئی اور کاروبار کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔
بعد ازاں ٹریڈنگ بحال ہونے پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ 55 ہزار اور ایک لاکھ 56 ہزار کی نفسیاتی حدیں عبور کر لیں، کے ایس ای 100 انڈیکس 11 ہزار سے زائد پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 58 ہزار 354 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 11 ہزار 15 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 46 ہزار 480 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جاپان کے نکئی انڈیکس 225 میں 1.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں بھی 5 فیصد تیزی دیکھی گئی، ہانگ کانگ کا ہانگ سینگ انڈیکس بھی ڈیڑھ فیصد بڑھ گیا، چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی معمولی تیزی دیکھنے میں آئی، تائیوان کی سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی دیکھی گئی ہے۔



