مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں میں 15 فیصد اضافہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی یومیہ آمدنی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے یومیہ اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی ہے۔ پی اے اے کو اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں میں اضافے سے یومیہ 8 لاکھ ڈالر آمدنی ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق صورتحال سے قبل پاکستانی حدود سے 550 سے 600 پروازوں یومیہ گزرتی تھیں۔ اوورفلائنگ پروازوں میں اضافے سے یومیہ آمدنی میں ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پانچ دن بعد دبئی سے اماراتی ائیرلائن کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
اماراتی ائیرلائن کی پرواز 28 فروری سے دبئی میں پھنسے مسافروں کو لےکرکراچی پہنچی، پرواز میں 300 سے زائد مسافر دبئی سے کراچی پہنچے ہیں۔



