گل پلازہ میں لوگ ڈیڑھ دن تک زندہ رہے مدد کی آوازیں لگائیں مگر ہمیں اندر جانے نہیں دیا گیا،چھیپا ڈرائیورز

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سانحہ گل پلازہ کے جوڈیشل کمیشن میں چھیپا کے رضا کاروں نے بیانات قلم بند کرادیے، ایک ڈرائیور نے انکشاف کیا ہے ایک سے ڈیڑھ دن تک لوگ زندہ تھے اور بچاؤ بچاؤ کی آوازیں لگارہے تھے مگر ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا، 26 میں سے صرف دو گیٹ کھلے ہوئے تھے، فائر بریگیڈ کے پاس پانی ختم ہوچکا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گل پلازہ آتشزدگی کے جوڈیشل کمیشن میں چھیپا ویلفیئر کے رضاکار سندھ ہائی کورٹ میں بیان قلم بند کروانے پہنچے۔

چھیپا رضاکار رئیس نے کہا کہ میں تقریباً پونے 11 بجے وہاں پہنچا تو آگ لگی ہوئی تھی، اس وقت پرائیویٹ لوگ بھی وہاں موجود تھے اور ہمارے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، اس وقت افراتفری کا ماحول تھا، میں ایم اے جناح روڈ سے گیا تھا مشکل ہوئی تھی لیکن میں پہنچ گیا تھا، پوری رات اس جگہ پر ہی موجود رہے تھے، جس بندے کو میں ایمبولینس میں لے کر گیا اس کی ہلاکت دھویں کی وجہ سے ہوئی، جب پہلے موقع پر پہنچا تو آگ کی شدت اتنی نہیں تھی جب دوبارہ گیا تو آگ کی شدت کافی زیادہ تھی۔

چھیپا رضاکار تنویر نے کہا کہ میں دوسرے دن گل پلازہ گیا تھا، میں نے ایک باڈی شفٹ کی تھی تھرڈ فلور سے جسے سول لے کر گیا تھا، لاش قابل شناخت نہیں تھی، مجھے علم نہیں اس کی ہلاکت کیسے ہوئی؟ کھڑکیوں میں گرل لگی ہوئی تھی جسے کاٹا اور اس میں سے لاش کو نکالا، سیکنڈ تھرڈ فلور پر کھڑکیوں میں گرل لگی ہوئی تھی، صبح کے وقت بھی تینوں فلورز پر آگ لگی ہوئی تھی۔

چھیپا رضاکار نثار محمد نے کہا کہ دوسرے دن صبح گیارہ بجے وہاں پہنچا تھا، دوسرے دن بھی تمام ادارے وہاں موجود تھے، جب آگ بجھ گئی تو اس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button