اسحاق ڈار کا ایرانی سفارتخانے کا دورہ ، خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں،ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کئے ، جبکہ ترک اور مصری وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطوں میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا ۔ اسحاق ڈار نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوگوار خاندان اور ایرانی قوم سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔۔ علاقائی امن و استحکام کیلئے کشیدگی میں کمی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ عبدلطی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ علاقائی امن و سلامتی کیلئے تعمیری مشاورت جاری رکھنے اور موجودہ حالات میں رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



