بریگیڈیئر (ر) راشد نصیرکو پاکستان میں مطلوب یوٹیوبرعادل راجہ کیخلاف برطانوی عدالت میں ایک اورکامیابی

لندن(جانوڈاٹ پی کے)بریگیڈیئر  (ر)  راشد نصیرکو   پاکستان میں مطلوب یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف  برطانوی  عدالت میں  ایک  اور کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر  کےحق میں ہائی کورٹ کے فیصلےکےخلاف کورٹ آف اپیل نے عادل راجہ کو اپیل کرنےکی اجازت دینےسے ہی انکار کردیا۔

کورٹ آف اپیل نے ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف حکم امتناعی جاری کرنےکی اپیل بھی مسترد کردی۔

عادل راجہ کی طرف  سےکیس میں نئے شواہد پیش کرنے کی اجازت  دینے سے بھی انکار کردیا گیا۔

کورٹ آف اپیل کے اس فیصلے کے بعد کیس مکمل طور  پر ختم ہوگیا ہے۔ کورٹ آف اپیل کے فیصلے کے بعد اب عادل راجہ ہائی کورٹ کےفیصلےکےخلاف اپیل یا جائزے کی اجازت طلب نہیں کرسکیں گے۔

عادل راجہ کے لیے اب برطانیہ میں اس کیس سے متعلق تمام قانونی راستے بند ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ لندن ہائی کورٹ میں بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر نے یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیتا تھا۔

لندن ہائی کورٹ نے عادل راجہ کو بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کو 50 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ اور عدالتی اخرجات کے تقریباً 3 لاکھ پاؤنڈ بھی دینے کا حکم دیا ہے اور یہ احکامات بھی جاری کیے ہیں کہ عادل راجہ اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر راشد نصیر کے کیس جیتنے کی خبر دیں گے۔

بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر  نے 9 میڈیا آئٹمز کو ہتک آمیز قرار دے کر لندن ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جج رچرڈ اسپئیرمین نے تسلیم کیا کہ ان میڈیا آئٹمز سے راشد نصیر کی شہرت کو نقصان پہنچا اور عادل راجہ اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

مزید خبریں

Back to top button