پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں28دن کا بیک اپ موجود ہے،وزیر خزانہ نے واضح کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں اس کا 28 دنوں کا کور موجود ہے جب کہ ایل پی جی مزید 15 دنوں کے لیے دستیاب ہے، قطر سے ایل این جی کی درآمد رک گئی ہے، مقامی گیس سے طلب کو پورا کر لیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہی ہے، اہم فیصلے فوری طور پر لیے جائیں گے، مارچ کے آخر تک کے پیٹرولیم ذخائر موجود ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو ریگولیٹ کیا جائے گا، توانائی کی بچت کے لیے بھی اقدامات کریں گے، علاقائی کشیدگی اگر جاری رہی تو اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مشن کی روانگی ان کا ادارہ جاتی فیصلہ تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فی الحال وافر مقدار موجود ہیں، پیٹرولیم راشنگ کی کوئی ضرورت نہیں بہتر نظم و ضبط سے اس معاملے کو نمٹا جائے گا، پیٹرولیم مصنوعات کے لیے 28 دنوں کا کور موجود ہے، خام تیل مزید 10 دنوں کے لیے دستیاب ہے، ایل پی جی مزید 15 دنوں کے لیے دستیاب ہے، قطر سے ایل این جی کی درآمد رک گئی ہے، مقامی گیس سے طلب کو پورا کر لیا جائے گا، متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔



