بلوچستان میں امن و امان تسلی بخش، ملکی سلامتی ہر چیز سے مقدم ہے، علامہ طاہر اشرفی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور ملکی سلامتی و تحفظ ہر چیز سے مقدم ہے۔
کوئٹہ میں قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں، قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد معاشرے میں مساوات اور بھائی چارے کا فروغ ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے زور دیا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے کوئٹہ کے تین روزہ دورے کے دوران حکام سے بریفنگ لینے اور وزیراعلیٰ، گورنر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاکستانی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، افغانستان کو دہشت گردی سے متعلق شواہد فراہم کیے جا چکے ہیں اور افغانستان بارڈر پر جاری جنگ کو جہاد سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا عبدالرحیم نے کہا کہ بلوچستان میں کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور حقیقی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد دو روزہ غیر معمولی سیمینار منعقد کیا جائے گا تاکہ مکالمے کے ذریعے امن کو فروغ دیا جا سکے۔
علامہ ہاشم موسوی نے بھی قیامِ امن کے لیے مکالمے کو بہترین حل قرار دیا۔



