ایران، امریکا جنگ کے باعث فضائی آپریشن پانویں روز بھی معطل، اربوں روپے کا نقصان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن پانویں روز بھی بحال نہیں ہو سکا، جس سے ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی اور اسلام آباد سمیت دیگر ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 155 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
دبئی، شارجہ، ابو ظہبی، بحرین، جدہ، قطر، کویت، ایران اور عراق جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو مالی خسارہ اٹھانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق جنگ کے اثرات کی وجہ سے گزشتہ پانچ دن میں پاکستان سے آنے اور جانے والی پروازوں کی تعداد ساڑھے 700 کے قریب رہی، سعودی عرب کے دمام اور ریاض ایئرپورٹس بھی کئی گھنٹے بند رہے اور ان مقامات جانے والی پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔
ایئرپورٹس اور ایئر لائنز نے پروازوں کی بحالی کے لیے ایئرپورٹ اتھارٹی کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے، اتھارٹی نے سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ فضائی آمد و رفت جلد از جلد بحال کی جا سکے۔



