ایران اسرائیل جنگ پر اہم پیشرفت: حکومت کا پارلیمانی قیادت کو ان کیمرہ بریفنگ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران پر حملے سے پیدا صورتحال پر حکومت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی لیڈروں کواعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پارلیمنٹ کو مشرق وسطیٰ اور ایران اسرائیل جنگ پر ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈران اور اپوزیشن لیڈرز کو مدعو کیا ہے۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پارلیمانی لیڈران کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کیمرہ بریفنگ کل ساڑھے 11 بجے ہوگی، بریفنگ کیلئے کوآرڈینیشن کی ذمہ داری رانا ثناءاللہ کو دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی خطے کی صورت حال پر تفصیل سے گفتگو کی ہے اور کہا کہ پاکستان دل و جان سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے، ملک میں اس معاملے پر غلط رنگ نہ پھیرا جائے، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے ایران پر حملے کی مذمت کی اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر بھی کھل کر مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی شروع کی گئی جنگ اب پورے مشرق وسطیٰ میں پھیل چکی ہے، ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں اور اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اُدھر اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بھی حملوں کا تبادلہ ہورہا ہے، اسرائیلی طیاروں نے بیروت پر شدید بمباری کی، لبنان کے 59 قصبوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی اور اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں بھی آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر احتجاج ہوا جس میں شہریوں کی جانیں بھی چلی گئیں جبکہ پاکستان نے دو ٹوک انداز میں آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے، پاکستان نے ایران پر جارحیت کی بھی مذمت کی ہے، جس پر سلامتی کونسل میں ایرانی مندوب نے باضابطہ شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button