پاکستان دل و جان سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے،اسحاق ڈار کا سینٹ میں دوٹوک مؤقف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دل و جان سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے، ملک کے اندر اس معاملے کو غلط رنگ دینا ٹھیک نہیں، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 28 فروری کو پاکستان نے اس صورتحال پر پہلا ری ایکشن دیا، پھر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر آگئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے اس افسوسناک خبر پر بیان جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب جون میں حملہ ہوا تھا ایران پر ہم نے تب بھی معاملات سلجھانے کی کوشش کی تھی، ایران پر حالیہ حملے کے بعد پاکستان نے بیک ڈور میں رہ کر معاملہ سلجھانے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دل و جان سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہت متحرک اور مثبت کردار ادا کیا، ملک کے اندر اس معاملے کو غلط رنگ دینا ٹھیک نہیں، پاکستان کی کوششوں کے بارے میں ایران بخوبی جانتا ہے، مذاکرات میں مثبت پیشرفت کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر متفق ہوگیا تھا، آیت اللہ خامنہ ای کا قتل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں کئی ممالک سے پاکستان رابطہ کر چکا ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طریقے ڈپلومیسی کو مذاکرات پر لایا جائے، ڈائیلاگ کے ذریعے افہام و تفہیم کا معاملہ نکل آئے گا۔



