وسیع میدان جنگ سج چکا ،ایران کے ٹیکٹیکل آپریشنز سنٹر پرحملے سے ہمیں جانی نقصان اٹھانا پڑا، امریکی وزیر دفاع
ہمیں مزید جانی نقصان کیلئے تیار رہنا ہوگا، ایران کے آپریشن کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے ، جنرل ڈین کین

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگیستھ نے پینٹاگون میں ایران پر حملے سے متعلق پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2 دن قبل صدر ٹرمپ کے حکم پر آپریشن ایپک فیوری کا آغاز کیا، ایران نے 47 برس سے امریکا خلاف یکطرفہ اعلان جنگ کررکھا تھا، بیروت، عراق اور افغانستان میں امریکی اہلکاروں پر راکٹ حملے کیے، آپ امریکیوں کو نشانہ بنائیں گے تو ہم تمہیں ڈھونڈ کر قتل کریں گے۔
امریکی وزیر دفاع کا کہناتھا کہ ایران کے خلاف جنگ میں جانی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے، ہمارا مشن ایران کے میزائل پروگرام اور نیوی کو تباہ کرنا ہے، امریکا فرسٹ پالیسی کے تحت جلد یہ جنگ ختم کریں گے، یہ عراق جنگ کی طرح نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں ہے،یہ راتوں رات نہیں ہوگا، بہت وسیع میدان جنگ سج چکا ہے، تاہم جنگ میں فتح کیلئے کسی بھی آپشن کو رد نہیں کیا جاسکتا، ایران کی سرزمین پر امریکی افواج موجود نہیں ہیں، ایران نے ٹیکٹیکل آپریشنز سنٹر کو نشانہ بنایا جس میں ہمیں جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ہمیں مزید جانی نقصان کیلئے تیار رہنا ہوگا، ایران کے آپریشن کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے ، جنرل ڈین کین
جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے کہا کہ خطے میں مزید امریکی افواج کی تعیناتی کا سلسلہ جاری ہے، ہمیں مزید جانی نقصان کیلئے تیار رہنا ہوگا، یہ ایک مکمل جنگ ہے جو جاری ہے، یہ کوئی ایک رات کا آپریشن نہیں ہے، امریکی افواج نے سیکڑوں ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کیا، اسپیس اینڈ سائبر آپریشنز میں کمیونیکیشن نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا، ایران پر حملے میں 100 سے زائد طیاروں نے حصہ لیا۔
ان کا کہناتھا کہ یہ آپریشن امریکا کی جنگی تیاری اورفوجی طاقت کا بھرپور اظہار ہے، ہم نے اس ہدف کیلئے مہینوں اور سالوں تیاری کی تھی، ایران کے آپریشن کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے، ایران کے پاس دورمار میزائلوں کی صلاحیت موجود ہے، کاؤنٹر ڈرون فائٹ میں ہم ثابت قدم رہیں گے، وہ طیارے دشمن کی فائرنگ سے تباہ نہیں ہوئے، کویت میں طیاروں کی تباہی کی تحقیقات کررہے ہیں، جنگ میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے میں مزید وقت لگے گا۔



