پاکستان کی ایران پر حملوں کی مذمت، فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ ایسے وقت کیا گیا جب سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کریں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر پر حملوں کی بھی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ہر صورت پاسداری کی جانی چاہیے۔
عاصم افتخار نے یو اے ای میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران پر حملوں کی مذمت کرتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستانی مندوب نے عمان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
اجلاس میں پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔



