پاک افغان سرحدی کشیدگی اور ایران و عرب ممالک پر حملوں کے پس منظر میں پارلیمان اجلاس سے صدر زرداری خطاب کرینگے،بلاول بھٹو

لاڑکانو (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان  جنگ سمیت خطے کی کشیدہ  صورتحال کی پیش نظر   ہونے والے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے  پی پی پی تعلقہ لاڑکانہ کے صدر اور ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ کے وائس چیئرمین اسداللہ بھٹو کی جانب سے  آگانی گاوَں میں اپنے اعزاز میں منعقد افطار ڈنر کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاک افغان سرحد جنگ اور  ایران پر حملے اور اس کے بعد عرب ممالک پر حملے ہوئے ہیں، اور اِس صورتحال میں طلب کیئے گئے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس  میں شرکت کیلیئے وہ آج اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے بلدیاتی نمائندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جس طرح مقامی سطح پر، بلدیاتی سطح پر محنت کررہے ہیں وہ جاری رکھیں۔  عوام کی خدمت کرنا آپ کی ذمہ داری ہے، اور  آپ نے اُن کا خیال رکھنا ہے، ان کو سنبھالنا ہے، اور میں امید کرتا ہوں کہ میرے لاڑکانو کے نمائندے عوام کی توقعات پر پورے اتریں گے۔اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، پی پی پی چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل احمد سومرو اور دیگر ارکان اسمبلی، بلدیاتی نمائندے، پارٹی کے عہدیدران و کارکنان اور مقامی عمائدین بھی  موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button