وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملے سے کشیدگی اور بعض خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملے سے علاقائی کشیدگی اور بعض خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے آج اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔



