آپریشن غضب اللحق آگے بڑھ رہا ہے، افغان طالبان رجیم کیخلاف کارروائی اب بھی جاری ہے: پاکستان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب اللحق آگے بڑھ رہا ہے، افغان طالبان رجیم کیخلاف کارروائی اب بھی جاری ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ پاکستان نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی جو جاری ہے اور ایک خطرہ موجود ہے جس کا تدارک ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ائیرڈیفنس سسٹم نے افغان دہشتگردوں کا ڈرون بھی مار گرایا، دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ افغانستان کا مسئلہ ہے جس کو ہم نیوٹریلائز کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آپریشن غضب اللحق آگے بڑھ رہا ہے، خودکش حملے، سرحدوں پر حملوں کا پاکستان نے جواب دیا ہے، آج کے ڈرون حملے دہشتگردوں اور افغان طالبان کا گٹھ جوڑ ظاہرکررہے ہیں اور پاکستان میں جو دہشتگردی ہوتی ہے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کا افغان طالبان رجیم کے خلاف آپریشن غضب اللحق جاری ہے  جس میں افغان طالبان رجیم کے 274 اہل کار ہلاک اور چار سو سے زیادہ زخمی ہوگئے جبکہ 115 ٹینک اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا، 73 چوکیوں کو مکمل تباہ کردیا گیا اور 18 چوکیاں پاکستان کے قبضے میں آگئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ  کابل، قندھار، پکتیا، ننگرہار اور خوست میں فضائی حملوں میں بائیس مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا ، افغان طالبان کے تمام حملوں کو پسپا کردیا گیا ، جہاں بھی حملہ ہوا پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دیا، آپریشن میں اب تک پاک فوج کے 12 جوان شہید، ستائیس زخمی اور ایک لاپتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ 53 مقامات پر افغان طالبان کے حملوں کو پسپا کیا گیا، پاکستان نے ایسا بھرپور جواب دیا کہ دنیا نے دیکھا۔

مزید خبریں

Back to top button