طالبان کی27پوسٹیں تباہ،9پر قبضہ،3بریگیڈہیڈکواٹرز،2ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، 3بٹالین ہیڈکواٹرز،2سیکٹر ہیڈ کواٹرز تباہ
افغان طالبان رجیم کیخلاف پاک فوج کا آپریشن’عضب للحق‘ جاری،133طالبان ہلاک،ہیڈکواٹر، ٹینکس اور توپ خانے تباہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)افغان طالبان کی27پوسٹیں تباہ کر دی گئیں ہیں9پر قبضہ کر لیا گیا، 3بریگیڈ ہیڈکواٹرز،2ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، 3بٹالین ہیڈکواٹرز،2سیکٹر ہیڈ کواٹرز تباہ
افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کا آپریشن عضب للحق جاری ہے جس میں افغان طالبان رجیم کے 133 کارندے ہلاک کر دیئے گئے جبکہ 200 سے زائد زخمی ہیں، افغان طالبان کی 27 پوسٹیں تباہ کر دی گئیں جبکہ 9 پر قبضہ کر لیا گیا ۔
وزیر اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق پاک فوج نے کابل، پکتیا اور قندھار میں افغان طالبان کے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا جس میں مزید ہلاکتوں کا امکان ہے ، افغان رجیم کے دو کور ہیڈ کواٹرز کو تباہ و برباد کر دیا گیاہے ۔
تین بریگیڈ ہیڈکواٹرز، دو ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، تین بٹالین ہیڈکواٹرز، دو سیکٹر ہیڈ کواٹرز ، 80 سے زائد ٹینکس ، آرٹلری گنز اور اے پی سیز کو تباہ کر دیا گیا ہے ، پاکستان کی جانب سے موثر کارروائی تاحال جاری ہے سیکیورٹی ذرائع نے کہاہے کہ پاک فوج کی افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کیخلاف موثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں،پاک فوج کی مؤثر کاروائی کے دوران افغان طالبان کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا۔پاکستان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی خیبر پوسٹ ، قومی سر کمپلیکس اور خاور پوسٹ کو شدید نقصان پہنچایا، پاکستانی سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہیں، پاکستانی سیکیورٹی فورسزکے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
افغان طالبان ہیڈکواٹر
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی بلا اشتعال جارحیت کیخلاف پاکستانی مسلح افواج کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج نے پکتیکا میں افغان طالبان کی اہم فوجی تنصیبات کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ، پاکستان سیکیورٹی فورسز نے پکتیکا میں افغان طالبان کے کور ہیڈ کوارٹرز کو کامیابی سے تباہ کیا ، بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
ولی خان سیکٹر
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پرولی خان سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور افغان پوسٹ کو مسمار کردیا ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں ۔
انگوراڈہ
افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کیخلاف پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان فوج کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دی گئیں ہیں ،پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انگوراڈہ کا ایک بڑا حصہ تباہ کر دیا ہے، سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں ۔
باجوڑ سیکٹر
باجوڑ سیکٹر میں افغان پوسٹوں پرحملہ کر کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے گئے، جھڑپ کےدوران متعدد خارجی جہنم واصل اور سرحدی پٹی میں امن وامان کی صورتحال بحال ہو گئی ہے،ملکی دفاع کیلئے سکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔
5 افغان پوسٹوں پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا
پاک فوج کا افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور اور مؤثر انداز میں منہ توڑ جواب جاری ہے ، پاکستان نے مزید 5 افغان پوسٹوں پر قبضہ کرتے ہوئے پاکستانی جھنڈا لہرا دیاہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے پکتیا کے علاقے میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لگا دیا، قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل ، دو انگور اڈہ کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل میں ہیں، پاک فوج نے مؤثر کاروائی کے دوران انگور اڈہ کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کر دیا۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
روسی اور ایرانی دفتر خارجہ
پاکستان کے خلاف افغان طالبان کی جارحیت پر روس اور ایران نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، دونوں ملکوں نے بات چیت کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی
روسی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پر فوری جنگ بندی کیلئے زور دیتےہیں ، دونوں ممالک اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے دور کریں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہاکہ ماہِ مبارک رمضان ضبطِ نفس اور عالمِ اسلام میں یکجہتی کے فروغ کا مہینہ ہے، افغانستان اور پاکستان اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ ایران گفتگو میں سہولتکاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔



