اس بار بھی ناکامی افغان طالبان رجیم کا مقدر بنے گی، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ اور سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ملکی دفاع کے لیے ہر سطح پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بہادر افواج نے ہر بار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور اس بار بھی پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کو مؤثر اور فوری ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے کبھی جارحیت کا آغاز نہیں کیا، تاہم اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ وہ آئندہ ایسی جسارت نہیں کرے گا۔
انہوں نے افغان طالبان رجیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ احسان فراموشی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام اور پناہ گزینوں کے لیے تعاون، برادرانہ تعلقات اور انسانی ہمدردی کو ترجیح دی، لیکن اس کے باوجود پاکستان کے اعتماد کو نظرانداز کیا گیا اور جارحانہ اقدامات سامنے آئے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان رجیم بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان کے خلاف سرگرم ہے، جبکہ بھارت براہِ راست تصادم سے گریز کرتے ہوئے طالبان کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسائل کو مذاکرات اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، تاہم قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی کارروائیاں پاکستان کی قومی سلامتی یا عوام کی حفاظت کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور ہر دشمن کے ناپاک عزائم کا سیاسی، سفارتی اور دفاعی سطح پر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور قوم کے اتحاد سے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جاتا رہے گا اور پاکستان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔



