وزیراعظم شہباز شریف کی مانسہرہ آمد، لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کو سلامِ عقیدت

مانسہرہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر افسر لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ پہنچ کر لواحقین سے تعزیت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی، ان کے صبر و حوصلے کو سراہا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے عظیم سپاہی کو سلام پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ دے کر ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے اور پاکستانی قوم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہلِ خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا، جسے شہید کے نام سے منسوب ایک دیرپا تعلیمی یادگار قرار دیا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔



