"عمران خان رہائی فورس” کا آئیڈیا کس کا ہے؟ شیر افضل مروت نے بتادیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)رکن اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ "عمران خان رہائی فورس” کا آئیڈیا پارٹی کا نہیں بلکہ فیملی کا ہے تاہم آئین و قانون میں کسی سیاسی جماعت کو فورس بنانے کی گنجائش نہیں ہوتی۔

 رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق چیئرمین بیرسٹر گوہر سے مسلسل رابطہ رکھا گیا اور وہ اسی کے مطابق ردعمل دیتے رہے۔

 شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے وہی اقدامات کیے جو فیملی کی جانب سے بتائے گئے، میں نے بیرسٹر گوہر سے کمٹمنٹ کی ہے کہ رمضان میں زیادہ نہیں بولوں گا۔

 انہوں نے "رہائی فورس” کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا نہیں بلکہ فیملی کا آئیڈیا ہے، آئین و قانون میں کسی سیاسی جماعت کو فورس بنانے کی گنجائش نہیں ہوتی، نئی باڈی بنانے کا مطلب دیگر پارٹی ڈھانچوں پر عدم اعتماد ظاہر کرنا ہے۔

 شیر افضل نے مزید کہا کہ ماضی میں جب بھی کسی سیاسی جماعت نے ایسی فورس بنانے کی کوشش کی تو اسے ریاست کے تناظر میں دیکھا گیا، "رہائی فورس” کا اعلان محض کارکنوں کو وقتی طور پر متحرک رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

 خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو شدید تحفظات ہیں، علی امین وہ شخص ہے جس نےایک لفظ بولے بغیر استعفیٰ دیا اور سب کو ساتھ ملاکررکھا، ان کی بدولت سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بنے ماضی میں بھی ان کےاحسانات رہے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور فیصلوں پر اختلافات موجود ہیں، تاہم قیادت کو چاہیے کہ ان مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے۔

مزید خبریں

Back to top button