او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، اسحاق ڈار کل 3 روزہ دورے پر سعودی عر ب جائیں گے

جدہ(جانوڈاٹ پی کے)جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی وزارتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکل سے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس اسرائیلی قابض حکام کے غیر قانونی فیصلوں پر غور کے لیے بلایا گیا ہے، خصوصاً مغربی کنارے کے علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق اقدامات زیر بحث آئیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے اور او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس میں مغربی کنارے کے علاقوں کو تبدیل کرنے کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے رکن ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔



