راشن کے بہانے درندگی! رمضان میں ڈسکہ میں نوجوان لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

ڈسکہ (جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کی تحصیل ڈسکہ کے علاقے دولت پور میں ماہِ رمضان کے دوران انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں راشن کی تقسیم کے نام پر ایک نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی رمضان کے سستے راشن یا امدادی پیکیج کے حصول کے لیے موقع پر پہنچی تھی، تاہم دو ملزمان نے اسے اسلحے کے زور پر ایک قریبی ورکشاپ میں لے جا کر یرغمال بنایا اور مبینہ طور پر زیادتی کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی ایک حاملہ خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ اس کیس میں ایک نجی کیٹرنگ کمپنی کے مالک اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر خاتون کو کام کے بہانے ڈیفنس روڈ پر واقع ایک گھر بلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

کاہنہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 15 فروری کو دونوں ملزمان کو جوہر ٹاؤن سے گرفتار کر لیا تھا۔ اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کا کہنا تھا کہ خواتین کے استحصال میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button