لاہور میں بسنت کے دوران 17 ہلاکتیں، ہوم ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)بسنت کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعات سے متعلق ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اپنی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی، جس کے مطابق شہر لاہور میں بسنت کے دوران مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے سے 3 افراد جان سے گئے، درخت سے گرنے کے باعث 2 جبکہ چھتوں سے گر کر 12 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ عدالت کے حکم پر جمع کروائی گئی۔
اس کیس کی سماعت جسٹس ملک اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ بسنت کے دوران پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے افراد کا مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا۔
عدالت نے بسنت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا اور مزید کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔



