عمران خان نے پیغام دیا ہے انہیں نظر نہیں آ رہا، علیمہ خان

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے انہیں نظر نہیں آ رہا۔

دو بہنوں کے ہمراہ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خانم نے کہا کہ عمران خان کے علاج اور میڈیکل رپورٹس پر ہمیں اعتماد نہیں، بھائی نے پیغام دیا ہے کہ انہیں نظر نہیں آ رہا، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میرے ڈاکٹرز کو مجھ تک رسائی دی جائے۔

علیمہ خانم کے مطابق ہم نے عمران خان کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ہمیں جیل میں نہیں دیکھنا اسپتال لے کر جانا ہے، ہم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال لے کر جائیں ان کا طبی ڈیٹا ان کے ڈاکٹرز کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مانیٹرنگ نہیں ہو رہی بلکہ ان کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، پہلے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ دو ڈاکٹرز کو جیل بھیج دیتے ہیں لیکن پھر بتایا گیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے کانفرنس کال ہو رہی ہے، ہمیں بتایا گیا کہ محسن نقوی گارنٹی دے رہے ہیں کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کریں گے۔

’سرکاری ڈاکٹر نے جو رپورٹ بنائی بہن نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں۔ جن ڈاکٹرز نے عمران خان کا معائنہ کیا وہ پریس کانفرنس کیوں نہیں کر رہے؟ فیملی اور ذاتی ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جا رہی، ان کا مکمل معائنہ فیملی اور ان کے ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں کیا جائے۔‘

علیمہ خانم کا مزید کہنا تھا کہ جب تک عمران خان اسپتال نہیں پہنچتے ہم کسی کی بات پر یقین نہیں کریں گے، جب تک ذاتی معالج نہیں بتائیں گے ہم کسی کی بات پر یقین نہیں کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہمیں جیل کیلیے کوئی آفر نہیں آئی البتہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کی آفر کی گارنٹی آئی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا فون آیا کہ جلدی سے ذاتی معالجین کو بتا دیں کہ ان کو جیل جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنکھ کے مسئلے کے پیچھے کچھ اور وجوہات ہیں جس کی وجہ سے یہ ہو رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button