سندھ کابینہ نے عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر جو فیصلے کیے وہ وقت کی اہم ضرورت ہیں،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر جو فیصلے کیے وہ وقت کی اہم ضرورت ہیں، توانائی ریگولیشن، سماجی خدمات کے تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور کاروباری ماحول میں اصلاحات جیسے اقدامات صوبے میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیپرا سے متعلق فیصلہ اس لیے ضروری تھا تاکہ بجلی کے شعبے میں شفافیت بڑھے اور صارفین کو بہتر خدمات مل سکیں، آٹزم بحالی خدمات کے سلسلے میں بلوچستان کے ساتھ تعاون کو بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے مثبت قدم ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تھر ریل کنیکٹیویٹی پروجیکٹ ملکی معیشت اور مقامی باشندوں کے لیے ایک بنیادی تبدیلی ہے، تھر ریل کنیکٹیویٹی منصوبے سے کوئلے کی نقل و حمل میں بہتری آئے گی، اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اصلاحات اور ایس باس نظام کاروباری عمل کو آسان بنانے اور سرکاری محکموں کے بیچ میں روابط کو مؤثر بنانے کا طریقہ کار ہے، ڈیجیٹل اصلاحات اور ایس باس نظام سے کاروباری شعبے میں شفافیت اور سہولت دونوں بڑھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز 2026 خواتین کی بہتری اور مساوی مواقع کے لیے تیار کیے گئے ہیں، خواتین کے حقوق کا تحفظ ہمیشہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح رہی ہے۔



