نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب جائیں گے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل سعودی عرب روانہ ہوں گے اور جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ہنگامی وزرائے خارجہ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس 26 فروری کو او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا اور مشرق وسطیٰ، خاص طور پر فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی غیرقانونی زمینوں کی تقسیم اور دیگر اقدامات کی بھرپور مذمت کی جائے گی، اور مسلم ممالک مشترکہ طور پر اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قانونی، سیاسی اور آبادیاتی تبدیلیوں کی مخالفت کریں گے۔
پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اسرائیلی غیر قانونی اقدامات اور پالیسیوں کی سخت مذمت کریں گے اور اجلاس میں مسلم ممالک کے درمیان مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
اس دوران نائب وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود اور اجلاس میں شریک دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔



