26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کے 30 کارکنان اشتہاری قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) 26 نومبر احتجاج سے متعلق تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 30 کارکنان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ یہ پیش رفت انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج پانچ مقدمات کی سماعت کے دوران سامنے آئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بتایا گیا کہ گزشتہ سماعت پر 31 پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف اشتہاری کارروائی شروع کی گئی تھی، تاہم آج ایک کارکن کی عدالت میں پیشی کے بعد اس کے خلاف اشتہاری کارروائی ختم کر دی گئی۔
عدالت نے تھانہ کھنہ کے مقدمے کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی، جبکہ تھانہ مارگلہ سے متعلق کیس کی سماعت 4 اپریل تک مقرر کر دی گئی۔ اس کے علاوہ تھانہ کوہسار کے مقدمے کی سماعت 26 مارچ، جبکہ تھانہ ترنول اور آبپارہ کے مقدمات کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے دوران پولیس ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث کسی بھی مقدمے میں شہادتیں ریکارڈ نہ ہو سکیں۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعتوں پر پولیس کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔



