عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست: اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے حتمی دلائل طلب کر لیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست پر فریقین سے حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
درخواست کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے وکیل علی بخاری، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران علی بخاری ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے تاہم جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروائے جانے پر تحفظات موجود ہیں، حالانکہ عدالت اس حوالے سے پہلے ہی احکامات جاری کر چکی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ سے استفسار کیا کہ وہ اس درخواست میں کیا چاہتے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ دلائل کے لیے تیار ہیں اور جواب کی کاپی دوسرے فریق کو بھی فراہم کر دی جائے گی، جبکہ بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال باقاعدہ جواب سامنے نہیں آیا۔
اس موقع پر وکیل علی بخاری نے عدالت سے استدعا کی کہ پہلے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے، اس کے بعد جواب جمع کرایا جائے گا۔ جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی بھی اس کیس میں فریق ہے اور واضح کیا کہ جواب فائل کرنا ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ دیکھ بھال کر کیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو حتمی دلائل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔



