کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری، مریم نواز نے بڑا اعلان کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سٹریٹجک گندم ذخائر کے حوالے سے پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی پالیسی متعارف کروائی ہے۔
مریم نواز کے مطابق اس پالیسی کے تحت حکومت کسانوں سے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی، اور قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے، جس سے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ الحمدُللّٰہ اب تک 35 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کمپنیوں نے اس منصوبے میں پری کوالیفائی کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا بلکہ صوبے میں خوراک کے محفوظ ذخائر اور زرعی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔



