کسی بھی حکمران نے زراعت کو اپنی ترجیح نہیں بنایا،ڈاکٹر افضل آرائیں

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)
سندھ آبادگار فورم کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر افضل آرائیں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ملک کو زرعی ملک تو سمجھا جاتا ہے، لیکن کسی بھی حکمران نے زراعت کو اپنی ترجیح نہیں بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے پاس ہر قسم کی فصل کے لیے موزوں موسم اور پانی موجود ہونے کے باوجود ہمیں گندم، چینی، خوردنی تیل اور دیگر اجناس دوسرے ممالک سے درآمد کرنا پڑتی ہیں بدین پریس کلب میں میٹ دی پریس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ زراعت ایسا شعبہ ہے جو 90 دنوں میں نتائج دے سکتا ہے، لیکن جدید زرعی طریقے نہ ہونے کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے، جس کے باعث آبادگار اپنی فصل سے مناسب آمدن حاصل نہیں کر پاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گندم، چاول، ٹماٹر، سورج مکھی اور دیگر اہم فصلوں کی مناسب قیمت نہیں ملتی، جس کے سبب آبادگار طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے انہوں نے خبردار کیا کہ فصلوں کے درست ریٹ نہ ملنے کی صورت میں ملک کو فوڈ سیکیورٹی کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت سے وابستہ دیگر شعبوں جیسے لائیو اسٹاک، پولٹری اور فشریز میں بھی متعدد مسائل موجود ہیں۔ اگر ہم ملک پر موجود قرضوں سے نجات حاصل کر کے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں تو زراعت کے تمام شعبوں پر توجہ دینا ہوگی ڈاکٹر افضل آرائیں نے کہا کہ ان کی تنظیم اپنے پلیٹ فارم سے زرعی شعبے سے متعلق ہر مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے اور اب تک بغیر کسی لالچ یا فنڈ کے قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت کی ترقی کے لیے کراچی یونیورسٹی کے چھ شعبہ جات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ معیاری بیج، زرعی ادویات، ڈیزل اور یوریا کھاد کی بروقت فراہمی اور بلیک مارکیٹنگ سے بچاؤ کے لیے “ایگری مارٹ” کے نام سے مراکز قائم کیے جائیں گے، تاکہ آبادگاروں سے براہِ راست رابطہ رکھ کر ان کی فصلوں کو عالمی منڈی کے مطابق قیمت دلائی جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کی کوشش ہے کہ رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں انٹرنیشنل ایگرو پیس کانفرنس منعقد کی جائے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے سفیروں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، صدرِ مملکت اور آرمی چیف کو مدعو کیا جائے، تاکہ زراعت کے حوالے سے ایک واضح پالیسی مرتب کی جا سکے
اس موقع پر تنظیم کے رہنما حاجی غلام نبی، محمد ظفر گجر، یوسف جت، چوہدری فیاض، میڈیا کوآرڈینیٹر حمزہ خالد آرائیں بھی موجود تھے۔ اس سے قبل پریس کلب کے نائب صدر عمران عباس خواجہ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر و سینئر صحافی تنویر احمد آرائیں اور پی ایف یو جے ورکرز ضلع بدین کے صدر غلام مرتضیٰ میمن نے استقبالیہ خطاب کیا۔ آنے والے مہمانوں کو اجرک اور لونگیوں کے تحائف پیش کیے گئے.



