علیمہ خانم نے چیئرمین شپ مانگی، نہ خود بننے کی خواہش ظاہر کی،بیرسٹر گوہر کی شیر افضل مروت کے دعوؤں کی دوٹوک تردید

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ علیمہ خانم نے پارٹی چیئرمین شپ مانگی یا خود چیئرپرسن بننے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کی ٹی وی گفتگو سن کر شدید مایوسی ہوئی، حالانکہ ان سے وعدہ لیا گیا تھا کہ وہ متنازعہ بیانات سے گریز کریں گے۔ ان کے مطابق یہ کسی بھی سیاسی یا اخلاقی طریقے کے خلاف ہے کہ ایک ہی وقت میں مختلف چینلز پر بیٹھ کر شخصیات پر حملے کیے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ علیمہ خانم نے انہیں کبھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا کوئی پیغام نہیں دیا، نہ ہی کبھی یہ تاثر دیا کہ وہ پارٹی کی چیئرپرسن بننا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خانم نے چیئرمین شپ کے معاملے میں کبھی کسی قسم کی مداخلت نہیں کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابات 3 مارچ 2024 کو مکمل ہوئے، جبکہ 10 اپریل 2024 کو تمام دستاویزات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرا دی گئیں، اور اپریل 2024 میں پارٹی سرٹیفکیٹ کے انتظار میں تھی، اس تناظر میں ایسے بیانات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

آخر میں بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ مزید متنازعہ گفتگو سے اجتناب کریں اور جماعتی نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button