تین اضلاع کو جوڑنے والی پنگریو-نوکوٹ روڈ کی خستہ حالت پر عوامی احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے تین اضلاع بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر کو جوڑنے والی پنگریو-نوکوٹ روڈ کی انتہائی خستہ حالت پر عوام سراپا احتجاج ہو گئے۔ مظاہرین نے روزے کے دوران سڑک بلاک کر کے حکومت اور منتخب نمائندوں کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
علاقہ مکینوں اور رہنماؤں قائم علی کھوسو، امجد علی احمدانی، علی احمد جروار اور شعبان علی کھوسو نے کہا کہ یہ سڑک گزشتہ تیس سال سے مرمت نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اور بڑے گڑھے حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ دیہی علاقوں کے سیکڑوں لوگ روزانہ اس سڑک کے ذریعے پنگریو اور نوکوٹ کے درمیان سفر کرتے ہیں، لیکن خراب حالت کی وجہ سے طلبہ اسکول اور کالج دیر سے پہنچتے ہیں، مریض اسپتال لے جانے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، اور تاجروں کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔
مظاہرین نے بتایا کہ بارش کے موسم میں سڑک تالاب میں بدل جاتی ہے، جبکہ خشک موسم میں گردوغبار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ متعدد موٹر سائیکل سوار اور مسافر گڑھوں میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں، مگر متعلقہ حکام اب تک خاموش ہیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دیگر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ علاقائی سماجی و تجارتی حلقوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ دیہی آبادی کے اس دیرینہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور حادثات کی روک تھام ممکن ہو۔



