لیاقت بلوچ کی اپوزیشن لیڈروں سے اہم ملاقاتیں، بلوچستان اور ملکی سیاسی بحران پر تفصیلی گفتگو

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپوزیشن لیڈروں سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں لیاقت بلوچ کی ملاقات قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ہوئی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیے بغیر سیاسی بحران حل نہیں ہو سکتا۔
لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت اور گولی سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے، اور صوبے کے عوام حکمرانوں کے رویے اور کرپشن سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں رائج فرسودہ نظام سے نجات چاہتے ہیں۔
لاہور میں لیاقت بلوچ نے تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے بھی ملاقات کی، جس میں مجموعی سیاسی حالات اور اپوزیشن کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیاقت بلوچ نے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ناقص حکمت عملی کے باعث زراعت، صنعت اور تجارت کے شعبے تباہی سے دوچار ہیں، اور ملکی معیشت بہتر کرنے کے لیے فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔



